ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وہاٹس ایپ پر فرقہ وارانہ پیغام پھیلانے والا پولیس کی گرفت میں

وہاٹس ایپ پر فرقہ وارانہ پیغام پھیلانے والا پولیس کی گرفت میں

Thu, 24 May 2018 12:45:54    S.O. News Service

منگلورو24؍مئی (ایس او نیوز)سوشیل میڈیا پر فرقہ وارانہ پیغام عام کرکے بدامنی پید ا کرنے کی کوشش کرنے والے ایک ملزم متھن (28سال)کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ 

موصولہ رپورٹ کے مطابق 20مئی کونیٹا نیگے موڈنورو میں ایک بس نے اسکوٹر سوار راجیندرا کو ٹکر ماری تو وہ اسکوٹر کے ساتھ بیچ سڑک پر گرگیا۔ بس کے کنڈکٹر ناگراج نے زخمی راجیندرا کو اسپتال پہنچانے کا بندوبست کرنے کی بات کہی مگر اس میں تاخیر ہوتے دیکھ کر مقامی افراد بھڑک اٹھے اور کنڈکٹر پر ہاتھا پائی کی۔ حملہ کرنے والوں میں مناف اور نیزاد نامی کاسرگوڈ کے مسلم نوجوان بھی شامل تھے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرنے کے بعد مناف، نیزاد اور شاہ الحمید وغیرہ کو بس کنڈکٹر پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ متھن نامی شخص نے اس واقعے کو فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے سوشیل میڈیا پر بریکنگ نیوز عام کردی کہ’’ ہندوجاگرن ویدیکے کا کارکن ایشورا منگلا اور ناگراج کلّاجے جان لیوا فرقہ واانہ حملے میں مذہبی تعصب پسندوں کا شکار ہوگئے۔ زخمی اسپتال میں داخل۔‘‘جب یہ بات پولیس کے علم میں آئی تو انہوں نے تحقیقات کے بعدفرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے الزام میں 22مئی کونیٹا نیگے موڈنورو کے رہنے والے متھن کو گرفتارکرلیا۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ حادثے کا شکار راجیندرا کو بروقت طبی امداد فراہم نہ ہونے پر گاؤں کے لوگ ناراض ہوگئے تھے اور بس کنڈکٹر کے ساتھ جھگڑا کربیٹھے تھے، اس میں مذہبی تعصب یا نفرت کا کوئی دخل نہیں تھا۔


Share: